منگلورو27؍جنوری (ایس او نیوز) سنیچر کی آدھی رات کوشراب کے نشے میں دھت ایک ریٹائرڈ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے غلط سمت میں کار چلاتے ہوئے نہ صرف 5موٹر گاڑیوں کو نقصان پہنچایا بلکہ دو افراد کو زخمی بھی کردیا جنہیں علاج کے لئے نجی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق اس طرح کی غیر ذمہ درانہ حرکت سے عوام کے جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والے ریٹائرڈ ایس پی کا نام میترا ہیراجے ہے۔بتایا گیا ہے کہ اس مؤظف پولیس آفیسر نے سرکیوٹ ہاؤس سے بیجائی تک شراب کے نشے میں دھت ہوکرسڑک کی غلط سمت میں کار چلاتے ہوئے موٹر گاڑیوں کو ٹکر ماری ۔ ایک اسکوٹر پر سوا ر دو افراد اس کارکی زد میں آکر زخمی ہوگئے۔جب غلط رخ پر کار دوڑاتے ہوئے دیکھ کر لوگ جمع ہوگئے تو ڈرائیور اپنی کارسے باہر نہیں نکلا اور پھر لوگوں کو بتایا کہ وہ ایک ریٹائرڈ اعلیٰ پولیس آفیسر ہے۔ یہ سن کر وہاں پر جمع ہجوم مشتعل ہوگیا۔اور لوگ اس آفیسر پر برس پڑے۔
حادثے اور ہنگامے کی اطلاع ملنے پر کدری اور اُوروا پولیس اسٹیشن کے افسران جائے وقوع پر پہنچ گئے۔ برہم ہجوم کو قابو میں کرنے کے لئے پولیس کا ہلکا سا لاٹھی چارج بھی کرنا پڑا۔ کدری پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرلیا گیا ہے۔